گوجرانوالہ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، دہشت گرد گرفتار، بارودی مواد برآمد

لاہور (نیوز ڈیسک) صوبہ پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ کے قریب سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے قریب سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کا اہم دہشت گرد گرفتار کرلیا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مبینہ دہشت گرد فتح الرحمان حساس تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتا تھا، اس کے قبضے سے سے بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز، کالعدم تنظیم کا جھنڈا برآمد ہوا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کا تعلق عالمی دہشت گرد تنظیم داعش سے ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ مبینہ دہشت گرد نے دہشت گرد منصوبوں سے متعلق اہم انکشافات کیے۔ دہشت گرد کے خلاف مقدمہ درج، نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے صوبائی وزیر اطلاعات صمصام بخاری کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن 4 مارچ سے شروع ہوا تھا، پنجاب نے تمام صوبوں کے مقابلے میں بہتر کارکردگی دکھائی۔ کالعدم تنظیموں کو سرکاری تحویل میں لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن جاری ہے اور چلتا رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں