اقوام متحدہ: ‏پاک فوج کے نائیک نعیم رضا شہید کیلئے یو این میڈل کا اعزاز

نیویارک (ڈیلی اردو) کانگو امن مشن میں شامل شہید پاکستانی فوجی جوان نائیک محمد نعیم رضا کو اقوام متحدہ نے داگ ہمار شولد میڈل سے نوازا۔ جو کہ پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے وصول کیا۔

عالمی امن میں پاکستان اور اس کی افواج کا کردار دنیا بھر میں اپنی مثال آپ رہا ہے۔ جنوری دو ہزار اٹھارہ میں کانگو جہاں خانہ جنگی کا ماحول ہے۔ مسلح باغیوں نے پاکستانی امن مشن کے قافلے پر حملہ کیا۔ پاکستانی اہلکاروں نے ان مسلح باغیوں کو منہ توڑ جواب بھی دیا لیکن اس حملے میں فوجی اہلکار نائیک نعیم رضا جان کی بازی ہار گئے۔

اقوام متحدہ ہر سال امن مشنز میں شہید ہونے والے فوجی اور پولیس اہلکاروں کو ایوارڈ سے نوازاتا ہے اور اس بار پیس کیپرز کے عالمی دن کے موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرز نے شہید پاکستانی فوجی جوان نائیک محمد نعیم رضا کو داگ ہمارشولد میڈل کے لیے منتخب کیا۔

ایوارڈ اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے وصول کیا۔ جن کا کہنا تھا کہ ایوارڈ عالمی امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف ہے، امن مشنز میں پاکستانی دستوں نے دنیا میں ملک کا نام روشن کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں