تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی وزیر خارجہ نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی شخص دہشت گرد ہے تو وہ ڈونلڈ ٹرمپ ہیں جنھوں نے اقتصادی دہشت گردی کا ارتکاب کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران کے بارے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گھٹیا بیان نے ثابت کر دیا کہ وہ نہ تو تاریخ کے بارے میں کچھ جانتے ہیں اور نہ ہی ایرانی قوم کو پہچانتے ہیں۔
ایرانی سرکاری ٹی وی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ایرانی قوم کو دہشت گرد قرار دینے کے بارے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے شرمناک بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی شخص دہشت گرد ہے تو وہ ڈونلڈ ٹرمپ ہیں جنھوں نے اقتصادی دہشت گردی کا ارتکاب کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایران ہمیشہ کی طرح مغربی ایشیا کے علاقے میں دہشت گردی کے خلاف مہم میں پیش پیش ہے اور دہشت گردی کے مقابلے میں ایران کی جانب سے عراق و شام کی قوموں کی حمایت کئے جانے پر ان دونوں ملکوں کی قوموں نے ایران کی قدردانی کی ہے اور یہ ایک ایسی حقیقت ہے کہ جس کا سب ہی اعتراف کرتے ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ نے ایران کو ختم کرنے کے بارے میں ٹرمپ کے حالیہ بیان کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ ایران ہزاروں سال سے ہے اور رہے گا اور ایران کے مقابلے میں ایک نئے ملک کی حیثیت سے امریکی حکام کا ایران کے بارے میں ایسا بیان بہت ہی گھٹیا اور شرمناک ہے۔