بھارت کے یوم جمہوریہ پر کشمیریوں کا یوم سیاہ، 2 کشمیری شہید

سری نگر (ڈیلی اردو/ کے ایم ایس) بھارت کے یوم جمہوریہ پر مقبوضہ کشمیر سمیت پوری دنیا میں یوم سیاہ منایا جارہا ہے اس موقع پر بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا گیا۔

کشمیری میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ظلم و بربریت کا بازار گرم ہے، نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران سری نگر میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا گیا۔

سری نگر میں 2 نوجوانوں کی شہادت کے بعد ایک ہفتے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے جبکہ سری نگر کے بعض علاقوں میں تاحال سرچ آپریشن جاری ہے، اس دوران داخلی اور خارجی راستے بند کردئیے گئے ہیں۔

بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں کشمیریوں نے یوم سیاہ منایا، جنت نظیر وادی میں مکمل ہڑتال ہے جبکہ دنیا بھر میں خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں۔

کشمیریوں کو یوم سیاہ منانے سے روکنے کے لیے وادی بھر میں موبائل، انٹرنیٹ اور ٹرین سروس معطل ہے جبکہ یوم سیاہ کے اجتماعات کو روکنے کے لیے پولیس اور فوج کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ بھارت پوری مقبوضہ وادی کو قبرستان میں تبدیل کرنا چاہتا ہے لیکن کشمیریوں نے جنگ آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ کرلیا ہے، 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں