کوہاٹ: تھانہ میں تکرار پر پولیس اہلکار کی فائرنگ، ایک اہلکار شہید، ایک زخمی

کوہاٹ (سید باسط گیلانی) کوہاٹ میں قانون کے رکھوالے ایک دوسرے کے دشمن بن گئے۔ پولیس اہلکار کو روزہ لگ گیا۔ پولیس تھانہ سٹی میں تین اہلکاروں میں مذاق کے دوران معمولی تکرار پر پولیس اہلکار کی فائرنگ سے کانسٹیبل شہید اور ہیڈ کانسٹیبل زخمی ہوگیا۔ ملزم کو موقع پرآلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ سٹی کوہاٹ میں واقع ڈسٹرکٹ مال خانہ میں تعینات پولیس کانسٹیبل عباس خان نے سوموار کے روز ڈیوٹی کے دوران تکرار کے بعد طیش میں آکر اپنے پیٹی بند ساتھیوں کانسٹیبل کرامت حسین اور ہیڈ کانسٹیبل سہیل کمال پر فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں کانسٹیبل کرامت حسین موقع پر شہید جبکہ ہیڈ کانسٹیبل سہیل کمال شدید زخمی ہوگیا۔

واردات کے بعد سٹی پولیس کے اہلکاروں نے ملزم پولیس کانسٹیبل عباس خان کو موقع پر گرفتار کرلیا اور انکے قبضے سے آلہ قتل پستول برآمد کرکے تحویل میں لے لیا۔

فائرنگ کے واقعے میں شہید پولیس اہلکار کی لاش اور زخمی اہلکار کو فوری طور پر کوہاٹ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کے ڈی اے ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد جاں بحق پولیس کانسٹیبل کرامت حسین کی میت پولیس لائنز کوہاٹ لائی گئی جبکہ زخمی اہلکار کوہسپتال داخل کرادیا گیا ہے۔

شہید پولیس کانسٹیبل کرامت حسین کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کرنے کے بعد انکی میت اپنے آبائی علاقے علی زئی روانہ کردی گئی۔

نماز جنازہ میں ریجنل پولیس آفیسرکوہاٹ طیب حفیظ چیمہ،ڈپٹی کمشنر کوہاٹ مطیع اللہ،ایس پی آپریشنز طاہر اقبال، اے ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر صنوبر شاہ،ڈی ایس پی سٹی عالم زیب،ڈی ایس پی لاچی شیر افسر اور پولیس و پاک فوج کے افسران و ضلعی انتظامیہ کے حکام کے علاوہ عمائدین شہر اور لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر پولیس کے چاق وچوبند دستے نے شہید پولیس اہلکار کو آخری سلامی پیش کی اور ڈی آئی جی کوہاٹ طیب حفیظ چیمہ،ڈی پی او کیپٹن(ر)واحد محمود اور ایس پی آپریشنز طاہر اقبال کی طرف سے شہید کی جسد خاکی پر پھولوں کے گلدستے رکھے گئے۔

ریجنل پولیس آفیسر طیب حفیظ چیمہ نے فائرنگکے واقعے میں زخمی پولیس اہلکار کی ہسپتال میں عیادت کی اور طبی عملے کو زخمی پولیس اہلکار کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

ادھر واردات کے بعد گرفتار ملزم عباس خان کے خلاف تھانہ سٹی میں قتل واقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور واقعے کی مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں