افغانستان میں دہشت گردوں نے بچوں اور حاملہ خاتون سمیت خاندان کے7 افراد کو قتل کردیا

کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) دہشت گردوں نے اففان دارالحکومت کابل میں ایک گھر میں گھس کر حاملہ خاتون سمیت ایک ہی خاندان کے 7 افراد کو بے دردی سے قتل کر دیا۔ شمالی افغانستان میں افغان فوجیوں کی بس کو بارودی سرنگ کے دھماکے میں اُڑادیا گیا جس کے نتیجے میں 14 اہلکار شہید ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے فرح کے ضلع بالا لوک میں فوجی اہلکار ایک وین میں سوار ہو کر فوجی کیمپ تنخواہیں وصول کرنے جارہے تھے کہ اچانک سڑک کنارے نصب بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 14 افغان فوجی شہید ہو گئے۔

صوبے فرح کی کونسل کے رکن شاہ محمود نہامی نے میڈیا کو بتایا کہ بم کو سڑک کنارے چھپایا گیا تھا اور اس میں خطرناک بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا، زوردار دھماکے میں وین میں سوار تمام فوجی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، طالبان نے بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

دریں اثنا ایک اور واقعے میں دہشت گردوں نے کابل میں ایک گھر پر حملہ کرکے ایک ہی خاندان کے 7 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا، شہید ہونے والوں میں 3 خواتین، 2 بچے اور 2 مرد شامل ہیں جب کہ دو افراد زخمی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کو منہ پر تکیہ رکھ کر مارا گیا جب کہ بڑوں پر گولیاں برسائی گئیں۔ ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ رواں ہفتے دہشت گردی کی یہ تیسری بڑی غیر عسکری واردات ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں