پی ٹی ایم کے گرفتار این این اے علی وزیر کی رہائی کا امکان

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی ایم کے گرفتار رہنما علی وزیر کی رہائی کا امکان، خیبر پختونخوا کے گورنر شاہ فرمان، وزیراعلیٰ محمود خان میرانشاہ پہنچ گئے، عسکری و سول حکام اور علاقہ عمائدین سے ملاقاتیں، گزشتہ روز کے واقعہ سمیت رکن قومی اسمبلی علی وزیر کی رہائی بھی زیر بحث آئی اور انہیں کسی بھی وقت رہا کیا جاسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ادارے بی بی سی کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حکومت اور پاک فوج کی جانب سے گزشتہ روز وزیرستان میں پیش آئے واقعے کے بعد معاملات کو پرامن طریقے سے بہتر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں خیبر پختونخوا کے گورنر شاہ فرمان، وزیراعلیٰ محمود خان میرانشاہ پہنچ گئے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے گورنر شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ محمود خان نے عسکری و سول حکام اور علاقہ عمائدین سے ملاقاتیں کی ہیں۔

اس دوران گزشتہ روز کے واقعہ سمیت رکن قومی اسمبلی علی وزیر کی رہائی بھی زیر بحث آئی۔ اس حوالے سے بی بی سی اردو سے وابستہ صحافی رفعت اللہ اورکزئی کا دعویٰ ہے کہ معاملات کو پرامن طریقے سے بہتر کرنے کی خاطر رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو کسی بھی وقت رہا کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرستان میں پشتون تحفظ موومنٹ نے وزیرستان میں گرفتار کیے گئے دہشت گرد کے ایک مبینہ سہولت کار کو چھڑوانے کیلئے پاک فوج کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماوں اور اراکین اسمبلی علی وزیر اور محسن داوڑ نے شر پسندوں کو مشتعل کرکے پاک فوج کی چیک پوسٹ پر حملہ کروایا تھا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے پانچ اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ 3 کارکن جاں بحق ہوگئے۔

واقعے کے بعد علی وزیر کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ جبکہ محسن داوڑ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ محسن داوڑ نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے پی ٹی ایم کے 13 کارکن شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں