کراچی میں یوم علیؑ کے مرکزی جلوس میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام

کراچی (ڈیلی اردو) کراچی پولیس نے یوم علیؑ کے موقع پر لائنز ایریا میں کارروائی کے دوران خودکش جیکٹ برآمد کرکے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔

رپورٹس کے مطابق پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے لائنز ایریا میں کارروائی کی جس کے دوران ایک خودکش جیکٹ برآمد کرکے یوم علیؑ پر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی کے علاقے لائنز میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر لائنز ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے ایک خودکش جیکٹ برآمد کر لی۔

ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی کے مطابق مذکورہ جیکٹ یوم علیؓ کے جلوس کو ٹارگٹ کرنے کے لیے استعمال کی جانی تھی، خودکش جیکٹ کا وزن 6 کلو تھا، جسے موقع پر ناکارہ بنا دیا گیا، اس میں بارود کے علاوہ نٹ بولٹ کا استعمال کیا گیا جس سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہو سکتا تھا۔

عامر فاروقی کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کی بروقت کارروائی نے شہر کے امن کو خراب کرنے کی مذموم سازش ناکام بنا دی اور 20 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے ایسٹ زون سے خود کش جیکٹ کی برآمدگی پر ڈی آئی جی ایسٹ اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی۔

کراچی میں مرکزی جلوس دوپہر ایک بجے نشتر پارک سے برآمد ہوا اور روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں پرختم ہوگیا۔ اس حوالے سے ٹریفک پولیس نے ٹریفک روٹ پلان جاری کر دیا گیا تھا جس کے مطابق ایم اےجناح روڈ کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا تھا جبکہ جلوس کے راستوں میں آنیوالی تمام مارکٹیں بھی بند رہیں۔

اس موقع پر کراچی میں کسی بھی ناخوشگوار حالات سے نمٹنے کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، 20 ایس پیز اور ایس ایس پیز، 45 ڈی ایس پیز سیکیورٹی ڈیوٹیوں پر مامور تھے جبکہ 4 ہزار 445 اہلکار مختلف مقامات پر ڈیوٹیاں دیں۔

جلوس کی سیکیورٹی پر 102 خواتین اور 340 سادہ لباس اہلکار بھی تعینات کیے گئے جو کہ نشترپارک اور جلوس کے گزر گاہوں کے قریب عمارتوں کی چھاتوں پر اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں