شمالی وزیرستان اور چیئرمین نیب معاملے پر پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے، خواجہ آصف

اسلام آباد (ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن )کے پارلیمانی رہنما خواجہ محمد آصف نے شمالی وزیرستان واقعہ اور چیئر مین نیب ویڈیو معامعاملے کی تحقیقات کیلئے پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹیاں بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیر اعظم کو بویا واقعہ پر جواب دینا پڑیگا ، پی ٹی آئی جتنا دیوالیہ پن کسی اور جماعت میں نہیں،چیئرمین نیب کی مبینہ آڈیو اور ویڈیو منظر عام پر آنے میں تحریک انصاف ملوث ہے‘تحریک انصاف میں عمران خان کی جگہ لینے کیلئے کچھ لوگ تیاربیٹھے ہیں ،چاہ رہے ہیں کہ قومی حکومت بنے اور وہ وزیر اعظم بنیں ۔

پیر کوقومی اسمبلی اجلاس میں نکتہ اعتراض پر خواجہ محمد آصف نے کہاکہ حکومت نے جو کردار چیئرمین نیب کے معاملے میں ادا کیا وہ شرم ناک ہے کیونکہ انہوں نے اپنے لوگوں کو حفاظت کرنے کے لیے چیئرمین نیب کی ذات پر حملہ کرکے ان کی ساکھ کو خراب کرنے کی کوشش کی۔ حکومت نیب کو بلیک میل کرنا چاہتی ہے، تاہم حکومت نیب کو ٹارگیٹ کرکے اپنے لوگوں کو نہیں بچا سکتی۔تجویز کردہ حکومتی ترامیم کے مطابق حکومت اپنے لوگوں کو بچانا چاہ رہی تھی ،ایسی ترامیم ہمیں منظور نہیں تھیں ۔

چیئرمین نیب کے خلاف ایک منظم مہم چلائی جارہی ہے اور قومی اسمبلی کو اس معاملے کی تحقیقات کرنی چاہیے ‘ تحریک انصاف میں عمران خان کی جگہ لینے کیلئے کچھ لوگ بیٹھے ہیں ،وہ چاہ رہے ہیں کہ قومی حکومت بنے اور وہ وزیر اعظم بنیں ،اسپیکر کو بھی پتہ ہے ۔ اس موقع پر اسپیکر نے خواجہ آصف سے مکالمہ کیا کہ مجھے کیا پتہ ہے ؟جس پر ایوان میں قہقہے گونج اٹھے۔

فواد چوہدری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ میرے بھائی سے اہم وزارت لیکر ایک غیر منتخب شخص کو وزیر بنا دیا گیا ہے اور میرے بھائی کو بتی کے پیچھے لگا دیا ہے۔فواد چوہدری جب سے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں آئے ہیں اچھی باتیں کر رہے ہیں، مجھے یقین ہے کہ اگر انہیں دریا کی لہریں گننے پر بھی لگا دیا جائے تو وہ وہاں بھی کوئی کام نکال لیں گے، ان کے اس جملے پر بھی ایوان قہقہوں سے گونج اٹھا۔

خواجہ آصف نے کہاکہ اس وقت وطن عزیز بحرانوں سے گزر رہا ہے‘اس وقت جو لوگ ملک کی معیشت چلا رہے ہیں ان کا تعلق کسی پارٹی سے نہیں ہے، وہ بیگ لیکر آئے ہیں اور بیگ لیکر چلے جائیں گے‘ موجودہ حکومت نے وزیر خزانہ لیز پر لیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز جو واقعہ ہوا ہے میں اس کی تفصیلات میں نہیں جاؤں گا کیونکہ وہ افسوسناک ہیں ؟خون کسی کا گرے ہماری دھرتی پر ، وہ انتہائی افسوسناک ہے ۔

فورسز پر کسی قسم کے حملے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے لیکن اس مسئلے کو سیاسی طور پر حل ہونا چاہیے، ریاست کو ماں کا کردار ادا کرنا ہوگا‘ہمیں بیرونی دشمن کے سامنے متحد ہوکر کھڑا ہونے کی ضرورت ہے‘ہر دور میں ہم نے غلطیاں کیں، مشرقی پاکستان میں غلطیاں کیں، بلوچستان میں اکبر بگٹی کی شہادت سے ایک المیہ پیدا ہوا ،ہم تاریخ کے اس دھارے پر کھڑے ہیں اگر فالٹ لائن کو درست نہ کیا تو سلامتی کو خطرہ ہے۔کہا جا رہا ہے کہ شمالی وزیرستان واقعہ میں ہمارے ایوان کا ایک رکن گرفتار اور دوسرا مفرور ہے، ہمیں اس معاملے کو سنجیدگی سے لینا ہو گا۔

تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے قومی اسمبلی میں خواجہ آصف کی جانب سے دیئے گئے بیان پر رد عمل دیتے ہوئےکہا ہے کہ خواجہ آصف کی جھوٹ بولنے کے حوالے سے مکمل تاریخ ہے۔ آج پھر اسمبلی میں من گھڑت کہانی بیان کی گئی۔

چیئرمین نیب کے خلاف پروگرام کرنے والے میڈیا چینل میں شراکت داری کے الزام کو سختی سے مسترد کردیا ۔ پیر کو ایک ٹویٹ میں اُن کا کہنا تھا کہ کسی بھی میڈیا چینل میں شراکت تو دور کی بات، میرا کسی چینل میں ایک شیئر تک بھی نہیں ، خواجہ آصف نے میرے بارے میں جھوٹ پر مبنی بیان دیا انہیں چاہئیے کہ وہ اپنے اس بیان کو واپس لیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں