افغانستان: کابل میں داعش کا خودکش حملہ، 7 افراد شہید

کابل (نیوز ڈیسک) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ملٹری اکیڈمی کے باہر داعش کے ایک خودکش حملے میں 7 افراد شہید اور 16 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘اے ایف پی’ کے مطابق 2005 میں قائم ہونے والے مارشل فہیم نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے باہر خودکش حملے میں طلبہ کو نشانہ بنایا گیا، جس کی ذمہ داری عالمی دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا۔

کابل پولیس کے ترجمان فردوس فرامرز نے کہا کہ خودکش حملہ آور پیدل آیا تھا، جس نے یونیورسٹی کے مرکزی گیٹ سے داخلے کی کوشش پر فوجی اہلکار کی جانب سے روکے جانے پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

انہوں نے کہا کہ ‘حملے میں 7 افراد شہید اور 16 زخمی ہوئے۔’

ان کا کہنا تھا کہ حملہ آور نے اپنے ہدف تک پہنچنے سے قبل خود کو دھماکے سے اڑا لیا، تاہم انہوں نے ہدف کے حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

داعش سے منسلک افغان دہشت گرد گروپ کا کہنا تھا کہ خودکش حملہ اس کی جانب سے کیا گیا اور دعویٰ کیا کہ حملے میں 50 تربیتی فوجی ہلاک ہوئے۔

واضح رہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان افغان امن عمل کے باوجود کابل اور افغانستان کے دیگر شہروں میں حالیہ ہفتوں میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر کئی حملے ہو چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں