ملک بھر میں یوم القدس مذہبی جوش وجذبے سے منایا گیا

اسلام آباد/کراچی/ لاہور/کوئٹہ/پارا چنار/ سانگھڑ/ فیصل آباد (نمائندگان ڈیلی اردو) ملک بھر میں یوم القدس مذہبی جوش وجذبے سے منایا گیا، اس حوالے سے ملک بھر میں ریلیاں نکالی گئیں۔ اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف یوم القدس رمضان کے آخری جمعے کو منایا جاتا ہے، جمعۃ الوداع پر قبلہ اول کی آزادی اور فلسطینیوں سے اظہار یک جہتی کے لیے یوم القدس بھی منایا گیا جس کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مظاہرے کیے گئے۔

کراچی میں نمائش چورنگی سے ریلی نکالی گئی، جس میں خواتین، بچے اور بزرگوں کی بڑی تعدادشریک ہوئی۔ ریلی تبت سینٹر پر اختتام پذیر ہوئی۔

لاہور میں بھی القدس ریلی نکالی گئی جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور فلسطین کے حق میں نعرے لگائے۔

اسلام آباد کی فیصل مسجد میں بڑے اجتماع کے موقع پر واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے جب کہ شہر کے تمام سیکٹرز میں مساجد اور امام بارگاہوں کے باہر سیکیورٹی سخت رکھی گئی تھی۔

فیصل آباد میں بھی یوم القدس کی ریلی نکالی گئی ۔ریلی امام بارگاہ حیدریہ امین پور بازار پر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے بازی کی۔

سانگھڑ میں یوم القدس کے موقع پر شاه پورچاکر میں ریلی نکالی گئی شرکاء نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے لگاۓ۔

پاراچنار میں سابق سینیٹر علامہ عابد الحسینی کی قیادت میں قدس ریلی نکالی گئی جلوس کے شرکاء مرکزی جامع مسجد پاراچنار پہنچے تو خطیب جامع مسجد علامہ فدا مظاہری اپیل پر نماز جمع کے بعد نمازیوں نے بھی ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔

اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، یاسین ملک اور دیگر نے آج یوم کشمیر و فلسطین منانے کی اپیل کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں