خڑ قمر چیک پوسٹ حملہ: وزیر اعلیٰ کا جاں بحق کے ورثا کیلئے 25 لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے گزشتہ ہفتے چیک پوسٹ پر حملے کے متاثرہ افراد کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کردیا، جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس 25 لاکھ اور زخمیوں کو فی کس 10، 10 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ نے واقعے میں جاں بحق افراد کے لیے فی کس 25 لاکھ روپے جبکہ زخمی افراد کو فی کس 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ‘پختونوں کے نام پر سیاست کرنے والے پختون قوم کو دوبارہ جنگ میں دھکیلنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں جو کہ کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔

وزیراعلی نے واضح کیا کہ عوام، پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کی بدولت امن قائم ہوا ہے جسے برقرار رکھنے کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

محمود خان نے واضح کیا کہ اس وقت وفاقی اور صوبائی قیادت پختونوں کے پاس ہے جو پختونوں کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدہ ہے، تمام تر مسائل حکومت کے سامنے رکھے جائیں تاکہ حکومت موثر انداز میں ان کو حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے نہ کہ مسائل کو بنیاد بنا کر ایک غیر ضروری مہم جوئی میں اپنا وقت ضائع کریں۔

محمود خان نے مزید کہا کہ موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی پختون قوم کے لئے مخلصانہ جدوجہد کئی ملک دشمن عناصر ہضم نہیں کر پا رہے اور پختونوں کو ورغلا کر ایک نئے بد امنی کے دور اور غیر یقینی صورتحال میں دکھیلنا چاہتی ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں