وزیرستان میں امن کی بحالی کے بعد اب آباد کاری پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے: میجر جنرل عابد لطیف

جنوبی وزیرستان ( دین محمد وزیر ) دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ قبائلی عوام نے بہت زیادہ قربانیاں دی جسکی بدولت آج علاقے میں امن قائم ہوا ہے۔

امن کی بحالی کے بعد اب علاقے کی آبادکاری پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ اور تمام مسائل کو سول انتظامیہ کیساتھ حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

ان خیالات کا اظہار آئی جی ایف سی ساوتھ میجر جنرل عابد لطیف نے جنوبی وزیرستان تحصیل سراروغہ کے علاقے احمد وام کا ایک روزہ دورے کے دوران کیا ۔ ایک روزہ دورے میں آئی جی ایف سی میجر جنرل عابد لطیف خان نے (ر)کرنل فیروز خان محسود کی سربراہی میں قوم گرڑائی، بھٹکائی اور گوڑی خیل کے عمائدین اور مقامی لوگوں کے ساتھ جرگہ کیا۔

جرگہ میں سراروغہ بریگیڈئر کمانڈر امجد عزیر مغل نے بھی شرکت کی۔ جرگہ میں قبائلی عمائدین نے آئی جی ایف سی ساوتھ میجر جنرل عابد لطیف کو روایتی پگڑی پہنائی۔ جرگہ میں سرکردہ ملکان، عمائدین اور مقامی لوگوں نے شرکت کر کے اپنے مسائل آئی جی ایف سی کو پیش کئے۔

قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف سی ساوتھ میجر جنرل عابد لطیف نے کہا کہ وزیرستان میں امن بحال ہوگیا ہے۔ عوام بھی پاک فوج، ایف سی اور سول انتظامیہ کیساتھ اپنا تعاون جاری رکھیں تاکہ علاقے میں امن برقرار رہے۔ آئی جی ایف سی میجر جنرل عابد لطیف نے کہا کہ قوم گرڑائی، بھٹکائی اور گوڑی خیل کے صحت ،تعلیم اور سڑکوں مسائل اولین ترجیحات پر حل کئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ علاقے میں مکانات سروے تاخیر کا شکار ہے۔

جس کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ جلد از جلد یہاں کا سروے مکمل ہوسکے۔ آئی جی ایف سی نے عوامی مسائل کو سننے کیساتھ ساتھ علاقے میں ہنگامی بنیادوں پر ترقیاتی کاموں کو تیز کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں