پشاور (نیوز ڈیسک) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے ایک روزے کا کفارہ ادا کرنے اور دوبارہ رکھنے کا اعلان کردیا۔
انہوں نے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ‘مفتی فواد کو مشورہ دیتا ہوں کہ وہ اپنے کام پر توجہ دیں، حکومت اور علما کو ٹارگٹ نہ کریں’۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق انہوں نے بتایا کہ ‘خیبر پختونخوا میں عید کے اعلان سے قبل وزیراعظم عمران خان کو اطلاع دی گئی تھی جس پر انہوں نے جواب دیا کہ آپ کا معاملہ ہے آپ بہتر سمجھتے ہیں’۔
انہوں نے رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ‘مفتی منیب کے کہنے پر روزہ رکھا مگر ایک دن پہلے والا روزہ ٹھیک تھا، اب ایک روزے کا کفارہ ادا کریں گے اور دوبارہ رکھیں گے’۔انہوں نے کہا کہ ‘رویت ہلال کمیٹی میں اختلافات ہیں، ہر شعبے میں ریٹائرمنٹ ہوتی ہے، مفتی منیب کو بھی کمیٹی کی چیئرمین شپ سے مستعفی ہوجانا چاہیے’۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ خیبر پختونخوا میں آج عید مفتی شہاب الدین کے کہنے پر نہیں منائی گئی ہے۔خیال رے کہ گزشتہ روز خیبر پختونخوا حکومت نے 4 جون بروز منگل کو سرکاری طور پر عید منانے کا اعلان کردیا تھا۔