راولپنڈی/کوئٹہ (ڈیلی اردو) بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے فرنٹیئر کور بلوچستان (ایف سی) کے دو جوان شہید ہو گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو ایف سی جوان شہید ہو گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف سی جوان عید کی سیکورٹی کے لیے معمول کے گشت پر تھے۔ شہید ہونے والوں میں 23 سالہ سپاہی یار محمد اور 19 سالہ سپاہی مہتاب خان شامل ہیں۔
شہید یار محمد کا تعلق بلوچستان کے ضلع سبی کے علاقے کچھ سے ہے جبکہ دوسرے شہید مہتاب خان کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت سے ہے۔
سپاہیوں کی قربانیوں کی بدولت قوم تہوار مناتی ہے۔ شہدا کے خون کی وجہ سے ملک میں امن قائم ہے۔
نمائندہ ڈیلی اردو کو ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو ہرنائی کے علاقے خوست کے قریب آئی ای ڈی دھماکے سے نشانہ بنایا اور بعد میں فائرنگ کی۔ جس کے نتیجے میں 2 اہلکار موقع پر شہید جبکہ 3 زخمی ہو گئے ہیں۔
دھماکے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ دھماکے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے ترجمان جیئند بلوچ نے اپنے ایک بیان میں ہرنائی حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ ترجمان نے دعوی کیا ہے کہ اس حملے میں سیکیورٹی فورسز کے 6 اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے حملے کے بعد علاقے خوست میں سرچ آپریشن جاری ہے۔