گجرات: پنجاب میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام، القائدہ کے 3 دہشت گرد ہلاک

اسلام آباد/ گجرات (ڈیلی اردو) پنجاب میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام ہوگیا، کار میں سوار القائدہ کے تین دہشت گرد اسلحہ اور بارود سمیت نہر اپرجہلم میں گر کر ہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق گجرات پولیس دہشت گردوں کا تعاقب کر رہی تھی، ملزمان کی کار نہر میں جاگری، ریسکیو اہلکاروں نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد کار باہر نکالی۔ تینوں دہشتگرد موت کے منہ میں جا چکے تھے۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق مرنے والوں کا تعلق عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے عاطف غوری گروپ سے ہے جس کو افغانستان سے آپریٹ کیا جا رہا ہے، دہشت گردوں کے خلاف گجرات پولیس نے آپریشن کیا۔ مارے جانے والے انتہائی مطلوب اور کالعدم تنظیم القائدہ کے سرگرم ارکان تھے۔

نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق پولیس حکام کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ایک سلور کلر گاڑی نمبر FSD 7899 جس میں مشکوک افراد موجود ہیں۔ پولیس نے ناکہ بندی کر کے گاڑی کا تعاقب کیا، لیکن مشتبہ افراد پولیس سے بچنے کے لئے گاڑی بھگانے کی کوشش کی اور تیز رفتار کار بے قابو ہوکر نہر اپر جہلم میں گر گئی، تلاش پر گاڑی کو چکوڑی بھیکوال گاوں تھانہ ڈنگہ کے قریب نہر سے نکالا گیا تو اس میں سوار تینوں افراد ہلاک ہو چکے تھے۔

نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق گاڑی سے بارودی مواد، خودکش جیکٹس، کلاشنکوفیں، ڈیٹونیٹنگ کارڈ، سیفٹی فیوز بھی برآمد ہوئے، جنہیں سی ٹی ڈی پولیس نے قبضہ میں لے لیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ ان کے قبضے سے سعودی عرب کے حکمرانوں کی تصاویر والے پوسٹر بھی برآمد ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں