وطن کے دفاع کیلئے ہر خطرے کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں: آرمی چیف

راولپنڈی (ڈیلی اردو) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت سالانہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں منعقد کی گئی کانفرنس میں جیو اسٹریٹجک صورتحال اور قومی سلامتی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ جبکہ قومی سلامتی سے متعلق درپیش چیلنجز اور رسپانس سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا، جبکہ آپریشن ردالفساد کے دوران حاصل کی گئی کامیابیوں کو بھی سراہا۔

شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاک فوج مادر وطن کے دفاع کے لیے کسی بھی خطرے کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج مادر وطن کے دفاع کے لیے ہر خطرے کا جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فارمیشن کمانڈرز کانفرنس نے ملک کی خدمت کے لیے تمام کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں