خلیج عُمان میں دو ٹینکروں پر دھماکے، آگ بھڑک اُٹھی

دبئی (نیوز ڈیسک) خلیج عمان میں دو تیل بردار بحری جہازوں پر حملہ ہوا جس کے بعد ایک بحری جہاز میں آگ بھڑک اُٹھی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 2 بحری جہاز متحدہ عرب امارات میں تیل بھروانے کے بعد سنگاپور کی طرف جارہے تھے کہ اس دوران خلیج عمان میں دونوں تیل بردار جہازوں پر حملہ کیا گیا جس کے بعد ایک جہاز میں آگ لگ گئی تاہم دونوں بحری جہازوں سے عملے کو باحفاظت نکال لیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے، جہاز پر سوار عملے کے 23 ارکان خیریت سے ہیں جنہیں قریبی دوسرے بحری جہاز پر منتقل کردیا گیا ہے، عملے کے زیادہ تر افراد کا تعلق روس، جارجیا اور فلپائن سے ہے۔

ایک بحری جہاز مارشل آئی لینڈ کے پرچم تلے سفر کررہا تھا اور ناروے کی فرنٹ لائن نامی جہاز ران کمپنی کے بیڑے میں شامل ہے، فرنٹ آلٹیٹر پر یو اے ای کے الفجیرہ نامی بندرگاہ سے تیل بھرا گیا تھا۔

حملے کا نشانہ بننے والا دوسرا بحری جہاز جاپانی کمپنی کا تھا اور اس پر میتھنول لدا ہوا تھا، جہاز بیرہائرڈ شلئے نامی شپنگ کمپنی کی ملکیت ہے اور جہاز کے دائیں حصے کو نقصان پہنچا ہے۔

دوسری جانب امریکی نیوی کا کہنا ہے کہ انہیں خلیج عمان میں سفر کرنے والے تیل کی ترسیل کے دو بحری جہازوں کی جانب سے ہنگامی مدد کی کال موصول ہوئی تھی، ان بحری جہازوں کو مبینہ طور پر حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

امریکی نیوی کا کہنا ہے کہ متاثرہ جہازوں کی مدد میں مصروف ہیں، برطانوی نیوی کی جانب سے بھی تیل بردار بحری جہازوں پر حملے کی تصدیق کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ ایک ماہ قبل بھی خلیج عمان میں اسی طرح کے حملے میں 4 بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں