جو سرمایہ کار کرپشن کی وجہ سے ملک چھوڑ کر گئے وہ آج واپس آگئے ہیں: وزیراعظم عمران خان

میانوالی (ڈیلی اردو) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جو سرمایہ کار 2012 میں کرپشن کی وجہ سے ملک چھوڑ کر گئے تھے وہ آج واپس آگئے ہیں۔ نمل یونیورسٹی کے کانووکیشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک سے اربوں روپے چوری کیے گئے، بڑی بڑی کمپنیاں کرپشن کے باعث ملک چھوڑ کر چلی گئی تھیں لیکن اب ہمارا ملک اٹھ رہا ہے اور سرمایہ کار آرہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین میں 400 وزیروں کو جیلوں میں ڈالا گیا، حکمرانوں سے ان کے مال کے بارے میں پوچھنے سے جمہوریت خطرے میں نہیں پڑتی.

 وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں پائیدار ترقی کےلئے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی جائے گی۔

اتور کے روز نمل کالج میانوالی کے چھٹے جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نمل کالج کواس سلسلے میں مشعل راہ بننا چاہیے۔وزیراعظم نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کےلئے میرٹ احتساب اور جمہوریت کو یقینی بنایا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ احتساب اور میرٹ کی بالادستی جمہوریت کا طرہ امتیاز ہے اور دنیا کے کسی ملک نے ان کے بغیر ترقی نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کے عوام کو جوابدہ ہے اور حکومت میں شامل تمام افراد عوام کا پیسہ خرچ کرنے پر جوابدہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ نبی اکرمﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوکر ہی پاکستان کی ترقی یقینی بنائی جاسکتی ہے۔

عمران  خان نے طلبا سے کہا کہ وہ اپنی غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے ناکامیوں سے سیکھیں۔انہوں نے طلبہ سے کہا کہ وہ اپنی ثقافت، مذہب اور بانی پاکستان کے فرمودات کو یاد رکھیں۔انہوں نے کامیاب ہونے والے طلبہ اور ان کے والدین کو مبارکباد دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں