خلیج عمان میں آئل ٹینکروں پر حملوں کے بعد ضبط و تحمل سے کام لیا جائے: یورپی یونین

برسلز (ویب ڈیسک) یورپی یونین نے خلیج عمان میں دو تیل بردار بحری جہازوں پر حملوں کے بعد مزید کشیدگی سے گریز اور زیادہ سے ضبط وتحمل سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا مغرینی کی خاتون ترجمان ماجا کوچی جانچیک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ خطے کو عدم استحکام اور کشیدگی کے لیے مزید عناصر کی ضرورت نہیں ہے۔ اس لیے ان (مغرینی ) کا اور ہمارا مطالبہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ ضبط وتحمل سے کام لیا جائے اور کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی سے گریز کیا جائے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ٹینکر ایسوسی ایشن انٹر ٹینکو کی اطلاع کے مطابق مشرقِ اوسط میں دو تیل بردار جہازوں پر حملہ کیا گیا ہے۔ اس کے بعد سے آبنائے ہرمز سے گذرنے والے بحری جہازوں اور ان کے عملہ کے تحفظ کے بارے میں تشویش میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

خلیج عمان میں ان دو آئیل ٹینکروں پر حملہ کیا گیا ہے ۔اس کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں چار فی صد اضافہ ہوگیا ہے۔

گذشتہ ماہ بھی اسی علاقے میں خلیج عمان میں چار تیل بردار بحری جہازوں پر بارودی سرنگوں سے حملہ کیا گیا تھا۔ان میں دو بحری جہاز سعودی عرب کے تھے۔ایک ناروے اور ایک متحدہ عرب امارات کا تھا۔

سعودی آئل ٹینکر پر حملے کی ذمہ داری امریکا نے ایران پر عائد کردی

انٹر ٹینکو کے چئیر مین پاؤلو ڈی آمیکو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تنظیم کے رکن دو بحری جہازوں پر حملوں کے بعد سے مجھے آبنائے ہرمز سے گذرنے والے عملہ کے تحفظ کے بارے میں گہری تشویش لاحق ہوگئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں