خلیج عمان میں آئل ٹینکروں پر حملہ پاسداران انقلاب نے کیا: برطانوی وزیر خارجہ

لندن (ویب ڈیسک) برطانوی وزیر خارجہ نے تیل بردار جہازوں حملے کے خلاف بیان دیتے ہوئے کہا کہ ایران خطے کو افراتفری کا شکار کرنا چاہتا ہے، پورے خطے کےلئے سب سے بڑا خطرہ بن کر اُبھر رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ جیرمی ہنٹ نے عمان میں تیل بردار جہازوں پر حملے سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں یقین ہے کہ خلیج عُمان میں دو تیل بردار جہازوں پر حملے میں ایرانی پاسداران انقلاب کا ہاتھ ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خلیج عُمان میں دو تیل بردار جہازوں پر حملے کا کسی اور ملک کو فائدہ نہیں ہوسکتا اور نہ ہی ایران کے سوا کوئی دوسرا ملک اس واقعے کا ذمہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران ماضی میں بھی تیل بردار جہازوں پر حملوں میں ملوث پایا گیا ہے، ہماری تحقیقات اور ان کے نتائج یہ بتا رہے ہیں کہ تیل بردار جہازوں پر حملوں میں ایرانی پاسداران انقلاب کا ہاتھ ہے۔

جیریمی ہنٹ کا کہنا تھا کہ ایران خطے کو افراتفری کا شکار کرنا چاہتا ہے اور پورے خطے کےلئے سب سے بڑا خطرہ بن کر اُبھر رہا ہے۔

انہوں نے ایران پر خطے کو عدم استحکام سے د وچار کرنے کی سرگرمیاں فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ 12 مئی کو متحدہ عرب امارات کی الفجیرہ ریاست کے قریب علاقائی پانیوں میں چار تیل بردار جہازوں پر حملے میں بھی ایران کا ہاتھ تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں