صومالیہ میں دو خودکش حملوں میں 11 افراد جاں بحق، 25 زخمی

موغا ديشو (ڈیلی اردو) صومالیہ میں دو خودکش حملوں میں 11 افراد جاں بحق اور 25 سے زائد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق صومالیہ میں صدارتی محل میں داخلی چیک پوسٹ پر خود کش کار بم دھماکے میں 9 افراد جاں بحق اور 12 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق خود کش حملہ آور نے صومالیہ کے صدارتی محل کے باہر چیک پوسٹ پر بارودی سے بھری کار ٹکرا دی جس کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 9 افراد جاں بحق اور 12 سے زائد زخمی ہوگئے، جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں سیکیورٹی فورس کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ایئرپورٹ کو جانے والے شاہراہ پر واقع چیک پوسٹ پر خود کش کار بم دھماکا کیا گیا، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 13 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

عالمی دہشت گرد تنظیم القائدہ سے منسلک تنظیم الشباب نے دونوں خود کش حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ ایئرپورٹ کے علاقے میں اہم سول افسران کی رہائشی کالونی کو نشانہ بنایا ہے جب کہ صدارتی محل کے اندر داخل ہونے میں ناکامی پر چیک پوسٹ کو دھماکے سے اُڑادیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں