اسلام آباد (ش ح ط) کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) نے خانیوال میں کارروائی کرتے ہوئے تین دہشت گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ و بارود برآمد کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے پنجاب کے ضلع خانیوال میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ و بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ مصدقہ اطلاعات پر خانیوال میں کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گردوں کو گرفتارکیا، دہشت گردوں کی شناخت ثاقب اللہ، مصعب اور آصف ندیم کے نام سے ہوئی اور تینوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے ہے۔
ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے 6 ہینڈ گرینیڈ، اسلحہ اور ممنوعہ لٹریچر برآمد کیا گیا اور ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، ترجمان کے مطابق تینوں دہشت گرد اپنی تنظیم ٹی ٹی پی کیلئے فنڈز بھی اکٹھا کر رہے تھے۔ دہشت گردوں کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔