عراق: بغداد میں نماز جمعہ کے دوران شیعہ مسجد پر خودکش حملے، 15 نمازی شہید، 40 زخمی

بغداد (ڈیلی اردو) عراق کے دارالحکومت بغداد کے وسطی علاقے البلدیات میں واقع اہل تشیع کی ایک مسجد میں دو خودکش بم دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

عراق میں حکام کا کہنا ہے کہ شیعہ مسلک کی مسجد پر ہونے والے دو خودکش حملوں میں 15 افراد شہید جبکہ 40 سے زائد نمازی زخمی ہو گئے ہیں۔

حکام نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ بغداد کے علاقے البلدیات میں اس وقت مسجد کو نشانہ بنایا گیا جب وہاں نمازِ جمعہ ادا کی جا رہی تھی۔

بعض اطلاعات کے مطابق دو مسلح افراد مسجد حسينية المنتظر میں داخل ہوئے اور خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے سے پہلے نمازیوں پر فائرنگ کی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ شہید اور زخمی ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

ابھی تک کسی گروپ نے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے تاہم عراق کے شیعہ آبادی والے علاقوں میں گذشتہ ایک سال کے دوران ہونے والے حملوں کی ذمہ داری دولت اسلامیہ (داعش) قبول کرتے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ عراق میں اس سے پہلے بھی شیعہ مسلمانوں پر متعدد خودکش حملے ہو چکے ہیں جس میں عبادت گاہوں اور مزاروں کو نشانہ بنایا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں