شمالی وزیرستان، باجوڑ اور بنوں میں دھماکے، دو افراد شہید، سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 4 زخمی

میران شاہ + باجوڑ + بنوں (نمائندگان ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع شمالی وزیرستان، باجوڑ اور بنوں میں چار بم دھماکے میں دو افراد شہید جبکہ سیکیورٹی فورسز کے اہکاروں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے

تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر بم حملے کے نتیجے میں تین اہلکار زخمی ہوگئے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق دھماکا میرعلی بازار میں بلال مسجد کے قریب ہوا جس کے نتیجے میں حوالدار امتیاز، سپاہی مصور اور سپاہی غفور شامل زخمی ہوگئے۔ زخمی اہلکاروں کو ملٹری ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دی ہے۔

شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں بارودی سرنگ کے دھماکے کی وجہ سے 13 سالہ بچی زخمی ہوگئی۔

مقامی ذرائع کے مطابق 13 سالہ اشرفیہ ولد نورحمان گھر کے قریب بکریاں چرا رہی تھی کہ اس دوران اس پر پہلے سے نصب شدہ بارودی سرنگ کا دھماکا ہوگیا۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں بچی ایک پاؤں سے معذور ہوگئی۔

زخمی بچی کو ڈی ایچ کیو ہسپتال میرانشاہ منتقل کردیا گیاہے۔

ایس ایچ او میرانشاہ ایوب وزیر اور پاک ارمی کے جوانوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچ کر تفتیش شروع کردی ہے۔

دوسری جانب شمالی وزیرستان کے تحصیل دتہ خیل علاقے ماما زیارت میں سول گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ ہوا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق بم حملہ ملک فضل دین کی گاڑی پر ہوا ہے۔ دھماکے سے گاڑی کو نقصان پہنچا۔

ذرائع نے بتایا کہ دھماکے کے وقت ملک فضل دین گاڑی میں موجود نہیں تھے اس لئے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

سابقہ ایف ار بنوں کےعلاقے گربز میں بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد نے بم سڑک کے کنارے واقع ایک دوکان کے دیوار کے ساتھ نصب کیا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ آج صبح ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں فلک ناز نامی شخص شہید ہو گیا اور گل نور نامی شخص زخمی ہوگیا۔ زخمی شخص کو ٹی ایچ کیو ہسپتال میرعلی منتقل کردیا گیاہے۔

دوسری جانب گذشتہ شب ضلع باجوڑ میں نامعلوم افراد کی جانب سے دستی بم حملے کے نتیجے میں طالبعلم جاں بحق ہوگیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ شب غلجو کمانگرہ میں نامعلوم افراد نے حاجی پیروز گل کے گھر دستی بم پھینکا جس کے نتیجے میں 16 سالہ طالب علم جاں بحق ہوگیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق حملے میں جاں بحق ہونے والا جماعت ہفتم کا طالب علم تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں