پارا چنار: کلایہ اورکزئی میں روحانی پیشوا کے مزار کھولنے کیلئے گرینڈ جرگہ، ہزاروں افراد کی شرکت

پارا چنار (رپورٹ: ہدایت علی پاسدار) ضلع کرم، اورکزئی اور ہنگو سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے پاراچنار میں اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور کلایہ میں روحانی پیشوا بادشاہ میر انور شاہ میاں کے مزار کو زائرین اور مرمت و تزئین کیلئے کھولنے کا مطالبہ کیا۔

اورکزئی اور ضلع کرم میں روحانی پیشوا بادشاہ میر سید انور میاں کے مریدوں اور عقیدت مندوں کا مشترکہ جرگہ منعقد ہوا جس سے اپنے خطاب کرتے ہوئے بادشاہ انور غگ کمیٹی کے رہنماؤں سابق سینیٹر سید سجاد سید میاں، سید جلیل سید میاں، سابق سینیٹر نجم الحسن، ملک اختیار علی، سید عامل حسین میاں نے کہا کہ بد امنی دور میں کلایہ اورکزئی میں حکومت نے روحانی پیشوا کا مزار زائرین کی آمد کیلئے بند کردیا تھا مگر اب سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور کوششوں سے امن قائم ہو گیا ہے اس لئے زائرین کی آمد اور مرمت و تزئین کیلئے مزار کھول دی جائے۔

جرگہ میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر مزار جلد نہ کھولا گیا تو کرم، اورکزئی، ہنگو اور ملک کے دیگر علاقوں میں احتجاج شروع کیا جائے گا۔

جرگہ کے بعد بادشاہ میر سید انور میاں کے ہزاروں مریدوں اور عقیدت مندوں نے مزار کھولنے کے لئے احتجاجی مظاہرہ کیا اور مسلہ حل نہ ہونے کی صورت میں ملک گیر احتجاج شروع کرنے کا اعلان کیا اس موقع پر سماجی رہنماؤں سید اقبال میاں، سید وصی سید میاں کا کہنا تھا کہ سکھوں او ہندوؤں کو بھی اپنے مقدس مقامات پر حاضری دینے کی اجازت ہے اور امن قائم ہونے کے باوجود میاں بزرگوار کے مزار پر حاضری پر پابندی سمجھ سے بالا تر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں