پاکستان اور افغانستان مل کر افغان جنگ کا خاتمہ کرسکتے ہیں: گلبدین حکمت یار

مری + بھوربن (نیوز ڈیسک) سابق افغان وزیراعظم گلبدین حکمت یار کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان دونوں مل کر افغان جنگ کا خاتمہ کرسکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بھوربن میں منعقدہ پاک افغان امن کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق افغان وزیر اعظم گلبدین حکمت یار نے تمام افغان دھڑوں کو پاکستان میں یکجا کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔

حزب اسلامی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ افغان عوام گذ شتہ چالیس سال سے جنگ کی آگ میں جل رہے ہیں،افغان جنگ سے جتنا نقصان افغانستان کو پہنچا اس سے زیادہ پاکستان کا ہوا ہے۔

گلبدین حکمت یار کا کہنا تھا کہ کچھ طاقتیں افغانستان میں امن نہیں چاہتیں، وہ افغانستان کو استعمال کرکے اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہیں۔اس سے قبل کانفرنس میں آمد پر شاہ محمود قریشی نے سابق افغان وزیراعظم گلبدین حکمت یار کا استقبال کیا اور کانفرنس میں شرکت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

کانفرنس میں رابطوں، تجارت، معیشت اور صحت سمیت مختلف شعبوں پرغور کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ افغان پناہ گزینوں کی اپنے ملک واپسی کا بھی جائزہ لیا جائے گا جو گزشتہ چار دہائیوں سے پاکستان میں رہائش پذیر ہیں۔

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی پاکستان افغان امن کانفرنس کے شرکا کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے، کانفرنس کے شرکا وزیراعظم پاکستان سے بھی ملاقات کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں