ڈیرہ اسماعیل خان میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، سری لنکن ٹیم پر حملے میں ملوث دہشت گرد ہلاک

اسلام آباد + ڈی آئی خان (ش ح ط/ توقیر حسین زیدی) صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ اور پولیس نے مشترکہ طور پر کارروائی کر کے سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے میں ملوث دہشت گرد ضیاء رمک والا کو ہلاک کردیا۔

سی ٹی ڈی اور پولیس کو ڈیرہ اسماعیل خان میں کوٹلی سیداں کے قریب بائی پاس میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی، پولیس نفری جب بائی پاس کے قریب پہنچی تو دہشت گردوں نے ان پر دستی بموں سے حملہ کردیا، ذرائع کا کہنا ہے تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہنے والے فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گر د ہلاک جب کہ ایک دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد ضیاء رمک والا کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان ڈیرہ اسماعیل خان کے اقبال کھیاہ گروپ سے بتایا جاتا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت ضیاء رمک والا کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی دہشت گرد کی شناخت رمضان عرف دوست محمد کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمی دہشت گرد کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق سری لنکن ٹیم پر حملے میں ملوث دہشتگرد سی ٹی ڈی اور پولیس کے مشرکہ آپریشن میں ہلاک ہو گیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق دہشتگرد ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ ٹاؤن میں ہلاک ہوا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا دہشتگرد ضیاء سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے سمیت کئی مقدمات میں سیکیورٹی فورسز کو مطلوب تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ضیاء 8 سے زیادہ دہشتگرد حملوں اور سنگین جرائم میں ملوث تھا۔

واضح رہے کہ مارچ 2009 میں سری لنک ٹیم پاکستان کے خلاف سیریز کھیلنے پاکستان آئی تھی جب لاہور میں ٹیم پر حملہ ہوا تھا۔ لاہور لبرٹی مارکیٹ‌ میں‌ سری لنکن ٹیم پر حملے میں7پولیس اہلکار شہید، 7 سری لنکن کھلاڑی اور 2 ایمپائر زخمی ہو گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں