پاراچنار: لاہور نے شمالی وزیرستان کو ہرا کر آل پاکستان امن فٹبال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

پارا چنار (محمد صادق) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم کے ہیڈ کوارٹر پاراچنار میں آل پاکستان امن فٹبال ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے اختتام پذیر ہوگئے۔ لاہور فٹبال ٹیم نے شمالی وزیرستان کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔

تفصیلات کے مطابق ضلع کرم کے جناح سٹیڈیم پاراچنار میں 14 جون سے جاری آل پاکستان امن فٹبال ٹورنامنٹ میں بیس ٹیموں نے حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ کے فائنل میں لاہور فٹبال ٹیم نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کرلی۔

لاہور ٹیم کے کوچ ظہور اور کیپٹن شیراز کا کہنا تھا کہ پاراچنار کے دلنشین اور خوشگوار موسم میں ٹورنامنٹ جیت کر انہیں انتہائی خوشی ملی ہے اور یہاں کے لوگوں کی مہمان نوازی اور موسم دیکھ کر بار بار پاراچنار آنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

مہمان خصوصی بریگیڈیئر اختر علیم، کمانڈنگ آفیسر کرنل مسعود اختر، سپورٹس آفیسر امجد حسین اور ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن آفیسر مفتاح اللہ نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کئیں اس موقع پر اپنے خطاب میں بریگیڈیئر اختر علیم کا کہنا تھا کہ کھیل کود جیسی سرگرمیاں علاقے میں مثبت تبدیلیاں ہیں اور مستقبل میں بھی اس قسم مقابلے جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔

آل پاکستان امن فٹبال ٹورنامنٹ کے مقابلوں خصوصا فائنل میچ کے موقع پر کھلاڑیوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں