کراچی میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، القائدہ کے 3 دہشت گرد ہلاک، خودکش جیکٹ برآمد

کراچی (ڈیلی اردو) کراچی میں ناردرن بائی پاس کے قریب پولیس اور حساس ادارے کی کارروائی میں 3 دہشت گردوں کو ہلاک کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

کراچی کے علاقے ناردرن بائی کے قریب خدا بخش گوٹھ میں حساس اداروں کی جانب سے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی۔

پولیس حکام کے مطابق خفیہ معلومات پر ناردرن بائی پاس کے قریب خدا بخش گوٹھ میں پولیس اہلکار پہنچے تو وہاں پہلے سے موجود ملزمان نے فائرنگ شروع کردی۔ دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے ایک خود کش جیکٹ، 4 عدد دستی بم، ایک عدد ایس ایم جی رائفل اور ایک پستول برآمد ہوئی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ایک دہشت گرد کا تعلق کالعدم تنظیم القاعدہ کراچی سے تھا اور ‏ہلاک دہشت گرد سانحہ صفورہ میں ملوث دہشتگردوں کا قریبی ساتھی تھا۔

ہلاک دہشتگردوں کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلئے عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ ہلاک دہشتگردوں کی شناخت تاحال نہ ہوسکی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کراچی میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے جب کہ فرار ہونے والے 2 ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں