ہمارا وزیراعظم چھپکلی سے بھی ڈرتا ہے: سابق صدر آصف علی زرداری

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) جعلی بینک اکاؤنٹس میں احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کو کیس کی نقول فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت آٹھ جولائی تک ملتوی کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جعلی بینک اکاؤنٹس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد اشد ملک نے کی،کیس میں گرفتار دیگر ملزمان کو ہتھکڑی میں پیش کرنے پر سابق صدر آصف زرداری نے روسٹرم پر آکر کہا کہ یہ پڑھے لکھے لڑکے ہیں انہیں ہتھکڑی کیوں لگا رکھی ہے؟ وائٹ کالر کرائم میں عدالت جو بھی فیصلہ کرے مگر نیب تو سلوک اچھا کرے، یہ نہ ڈکیت ہیں اور نہ ہی سماج دشمن عناصر،جج کے استفسار پر نیب حکام نے وضاحت کی کہ ملزمان کو اڈیالہ جیل کے اہلکار لے کر ائے ہیں۔

اس موقع پر جج ارشد ملک نے واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ میرے پاس تین ملزم آئے تھے میں نے انہیں سماج دشمن عناصرکہا تھا،وہ ملزمان میرے سامنے آئے اور بولے ہم سماج دشمن نہیں بلکہ ہم اناج دشمن ہیں،جج ارشد ملک کی طرف سے سنائے گئے واقعے پرکمرہ عدالت میں قہقہے لگے۔

سماعت کے دوران عدالت کی جانب سے انورمجید کی کراچی سے اسلام آباد منقتلی کے سوال پر آصف زرداری نے کہا کہ انور مجید کا دل صرف تیس فیصد کام کرتا ہے،ایسے مریض کو نیب نے دو روز قبل رات میں اسپتال سے اٹھایا لیکن ایئر پورٹ پر طبیعت بگڑنے پردوبارہ اسپتال لے گئےاور اس کے بیٹے عبدالغنی مجید کو اٹھا لائے۔

جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ کوئی اندر سے کنڈی لگا کر دو دن بیٹھا رہے تو اس کی طبیعت خراب نہیں ہوتی۔۔۔ باہر سے کوئی کنڈی لگادے تو دل گھبرانے لگتا ہے اس کیس میں بھی ایسا ہی ہو رہا ہے، گرفتار ہو کر بیمار ہوجاتے ہیں۔

جج کے ریمارکس پرآصف زرداری نے کہاایسے بھی ہم کمزور نہیں صاحب،وہ اور ہوں گے جو ڈرتے ہیں،تیرہ سال قید تنہائی کاٹی مگر مولا کے کرم سے کچھ نہیں ہوا۔

فاضل جج نے کہا کہ سب لوگ ایک جیسے نہیں ہوتے کچھ لوگ شیر سے لڑ جاتے ہیں کچھ چھوٹے سے جانور سے بھی ڈرتے ہیں،جس پر سابق صدر بولے، ہمارا وزیراعظم بھی چھپکلی سے ڈرجاتا ہے،تو جج نے نوکمنٹس کہتے ہوئے انہیں مزید بات سے روک دیا۔

سماعت کے دوران ملزمان نمر مجید، ذوالقرنین مجید اور علی کمال مجید کی بریت کی درخواستوں پر جج ارشد ملک نے کہا کہ تھوڑا صبر نہیں کر لیتے ابھی سے بریت کی درخواست لے آئے ہیں،عدالت نے درخواستوں پر نیب سے جواب طلب اور آئندہ سماعت پرملزمان کو کیس کی نقول فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت آٹھ جولائی تک ملتوی کردی۔

عدالت نے روانگی کے موقع پر میڈیا کے سوال پرآصف زرداری نے بتایا کہ موجودہ وزیر اعظم چھپکلی سے ڈرتا ہے اسے ایک دن تھانے میں بند کرکے چھپکلی چھوڑ دی جائے پھر دیکھو کیسے ٹھیک ہوتا ہے۔

عدالتی نظام اور نیب کی تربیت کرنے کے سوال پر سابق صدر نے کہا کہ ‏میں ان کی تربیت کیا کروں گا یہ صدیوں سے ایسے ہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں