ملتان میں ‘غیرت کے نام’ پر ایک ہی خاندان کے 10 افراد قتل کر کے جلا دیے گئے

ملتان (ڈیلی اردو) صوبہ پنجاب کے ضلع ملتان کے علاقے حسن آباد میں قتل کی لرزہ خیز واردات ہوئی ہے جس میں ایک ہی خاندان کے 10 افراد کو قتل کرکے جلادیا گیا۔ 

تفصیلات کے مطابق ملتان کے علاقے حسن آباد کے قریب داماد اور سسر کے درمیان جھگڑا ہوا جس میں داماد نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر بیوی، ساس اور ان کے گھر کے دیگر افراد کو فائرنگ اور کمرے میں بند کرکے گھر کو آگ لگا کر 10 افراد کو جان سے مار دیا۔ جبکہ تین زخمیوں کو نشتر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

سٹی پولیس افسر عمران محمود کے مطابق ملتان کے علاقے حسن آباد میں ایک ہی خاندان کے 10 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا جس کے بعد لاشوں کو جلایا گیا۔ 

سی پی او ملتان عمران محمود نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لڑائی میں 10 افراد جاں بحق ہوئے، اجمل نامی شخص سعودی عرب سے کچھ دن پہلے واپس آیا ہے اسے اپنی بیوی پر ناجائز تعلقات کا شک تھا، اجمل نے ظفر نامی ملزم کے ساتھ مل کر یہ تمام قتل کیے، اجمل نے اپنی ساس، بیوی اور ایک خاتون کو قتل کرکے گھر کو آگ لگادی جس کے باعث گھر کے اندر موجود دیگر افراد بھی جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

سی پی او کا کہنا ہے کہ ملزم اجمل نے والد ظفر کے ساتھ مل کر بیوی، بچوں اور سالی کو  قتل کیا۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزم باپ بیٹے کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن سے واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔ جب کہ ایک ملزم فرار ہے جسے جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

آئی جی پنجاب عارف نواز نے ملتان میں 10 افراد کے قتل کا نوٹس لے لیا، آئی جی پنجاب نے سی سی پی او کو فوری جائے وقوعہ پر پہنچنے کی ہدایت کردی۔

آئی جی پنجاب عارف نواز نے کہا کہ ملزمان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملتان میں 10 افراد کے قتل کا نوٹس لے کر تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے آر پی او پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ افسوسناک واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں