گجرات: سی ٹی ڈی کی کارروائی میں تحریک طالبان پاکستان کے 3 انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک

اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ پنجاب میں دہشتگردی کی سنگین وارداتوں میں انتہائی مطلوب تین دہشتگرد کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کی کارروائی میں مارے گئے۔ حکام کے مطابق سی ٹی ڈی نے مصدقہ اطلاع پر پنجاب کے ضلع گجرات کے علاقے جلال پور جٹاں روڈ کے قریب کارروائی کی جس میں ٹی ٹی پی کے انتہائی مطلوب تین دہشتگرد مقابلے میں مارے گئے۔

تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے گجرات میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ 3 اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد طیب جمیل، بلال اور نادر نے 2007ء میں سرگودھا میں پی اے ایف بس کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا تھا۔

سی ٹی ڈی کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، راکٹ لانچر، بارودی مواد اور حساس مقامات کے نقشہ جات برآمد ہوئے ہیں، دہشت گرد پولیس پر متعدد حملوں میں بھی ملوث تھے

تینوں دہشت گرد افغانستان سے تربیت یافتہ اور ریڈ بک میں شامل تھے، تینوں دہشت گرد 2007 کے پی اے ایف بس حملے میں ملوث تھے۔

سی ٹی ڈی کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گرد سرگودھا پولیس ٹریننگ اسکول اور میانوالی پولیس چوکی حملوں میں ملوث تھے، اس حوالے سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے لشکر جھنگوی کے تین دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بارودی مواد برآمد کرلیا تھا۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ ہی سی ٹی ڈی پنجاب نے ملتان میں کارروائی کرتے ہوئے عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کے دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا تھا کہ دہشت گرد رضوان عرف ڈاکٹر، عمران عرف ساقی کا نام ریڈبک میں شامل تھا، مقابلے میں ہلاک ہونے والے ملزمان کے قبضے سے نقشے اور دہشت گردی کیلئے استعمال ہونیوالی رقم برآمد کی گئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں