کرکٹ ‏ورلڈ کپ: سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو 23 رنز سے شکست دیدی

چیسٹر لی اسٹریٹ (نیوز ڈیسک) کرکٹ ورلڈ کپ کے 39ویں میچ میں سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی۔

سری لنکا کے 339 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بناسکی۔

چیسٹر لی اسٹریٹ کے ریور سائڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغاز کرونارتنے اور کوشال پریرا نے ذمہ دارانہ انداز میں کیا اور پہلی وکٹ پر 93 رنز کی شراکت بنائی تاہم کرونارتنے 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

دوسری وکٹ کوشال پریرا کی گری جو 64 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے، اس کے بعد ایوشکا فرنینڈو اور کوشال مینڈس نے ذمہ دارانہ اننگز کھلیں لیکن 184 کے مجموعے پر مینڈس 39 رنز بناکر ایلن کا شکار بنے۔

ایوشکا فرنینڈو کی شاندار سنچری کی بدولت سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 338 رنز بنائے۔

ایوشکا فرنینڈو 104 اور کوشال پریرا 64 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر نے 2، فابین ایلن، اوشین تھامس اور شیلڈن کوٹریل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دونوں ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہیں اور میچ کا نتیجہ سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ٹیموں پر اثر انداز نہیں ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں