امریکا نے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی، جند اللہ اور جیش العدل کو دہشت گرد تنظیم قرار دیدیا

واشنگٹن + اسلام آباد (ڈیلی اردو) امریکا نے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے)، کالعدم جنداللہ اور جیش العدل کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا۔

غیرملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکا نے پاکستان میں دہشت گردی  کی علامت کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی اور کالعدم جنداللہ اور جیش العدل کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرلیا جب کہ امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے بی ایل اے اور جند اللہ کے تمام اثاثوں پر پابندی بھی عائد کردی گئی ہے۔

بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے سربراہ براہمداغ بگٹی اور حربیار مری ہیں۔ بی ایل اے کو فارن اسٹیس کنٹرول کی خصوصی نامزد شدہ فہرست میں منگل کو شامل کیا گیا ۔اس فہرست میں جنداللہ، جیش العدل اور فدائین اسلام بھی شامل ہیں۔ امریکی محکمہ خزانہ نے بی ایل اے کو دہشت گرد قرار دینے کا اعلان اپنی ویب سائٹ پر بھی جاری  کردیا ہے۔

جس کے تحت کالعدم تنظیمیں اب دہشت گرد تصور کی جائیں گی جب کہ ان تنظیموں کے تمام تر اثاثہ جات بھی منجمد سمجھے جائیں۔ 

دہشت گردی میں ملوث افراد کا بھی احتساب کیا جائے گا، دفتر خارجہ

‘بی ایل اے’ کو عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کے حوالے سے پاکستانی دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ‘پاکستان نے امریکی انتظامیہ کی طرف سے بلوچستان لبریشن آرمی کو عالمی دہشت گرد فہرست میں ڈالنے کو نوٹ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ‘بی ایل اے 2006 سے پاکستان میں کالعدم ہے اور حالیہ عرصے میں ملک میں کئی دہشت گرد حملوں میں ملوث رہی ہے۔’

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ امریکا کی طرف سے دہشت گرد فہرست میں شامل کیے جانے سے ‘بی ایل اے’ کی آپریٹ کرنے کی گنجائش کم ہوجائے گی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ‘اہم بات یہ ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے، اس کے آرگنائزرز، فنانسرز اور بیرونی اسپانسرز کا بھی احتساب کیا جائے گا اور انصاف کے کٹہرے تک پہنچایا جائے گا۔’

امریکا کے اس فیصلے کو پاکستان کی زبردست سفارتی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ جبکہ امریکا کا یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند ہی روز بعد وزیراعظم عمران خان امریکا کا دورہ کرنے والے ہیں۔ 

واضح رہے کہ کالعدم تنظیمیں بلوچستان لبریشن آرمی اور جنداللہ گزشتہ کئی برس سے بلوچستان  سمیت سندھ میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور دہشت گردی کی دیگر کارروائیوں میں ملوث رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں