آرمی چیف کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس، سکیورٹی صورتحال، کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائی کا جائزہ

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان امن اور ترقی کی راہ پر مثبت انداز سے گامزن ہے، دیرپا امن و استحکام کو یقینی بنائیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق آرمی چیف کی زیرصدارت 222ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں جیو اسٹریٹجک، علاقائی، قومی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کانفرنس میں بھارت، افغانستان، ایران سمیت خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر غور جبکہ سیکیورٹی آپریشنز، کالعدم تنظیموں کے خلاف کی جانے والی کارروائیاں بھی زیر غور آئیں۔

آرمی چیف نےشرکاء کو اقتصادی صورتحال بہتر بنانے کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ آئی ایس پی آر اعلامیے کے مطابق آرمی چیف نے مشکل مگر ضروری معاشی اقدامات سے آگاہ کیا۔

یاد رہے کہ  28 جون کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں ملکی معیشت کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں آرمی چیف آف اسٹاف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور اہم مسئلے پر روشنی بھی ڈالی تھی۔

آرمی چیف کا اپنے خطاب میں کہنا تھا اب وقت قومی اہمیت کے امور پر کھل کر بات چیت ضروری ہے، حکومت  اور اسٹیک ہولڈرز کی قومی اہمیت پربات چیت ضروری ہے، ملکی استحکام معاشی خود مختاری کے بغیر ممکن نہیں ہے، ہم سب کو مل کر ملک کے لیے جدوجہد کرنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں