سکھر میں پولیس وین پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ، بی آر جی نے ذمہ داری قبول کرلی

سکھر (ڈیلی اردو) سندھ کے ضلع سکھر کی تحصیل صالح پٹ میں پولیس موبائل پر بم سے حملہ کیا گیا ہے، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، دھماکے کے وقت موبائل میں 4 پولیس اہلکار سوار تھے۔

سکھر کی تحصیل صالح پٹ کے علاقے آر ڈی 86 میں سڑک کنارے نصب بارودی مواد کے دھماکے سے پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا۔

ایس ایس پی سکھر عرفان سموں کے مطابق صالح پٹ تھانے کی پولیس موبائل معمول کے گشت پر تھی کہ سڑک پر نصب بارودی مواد کا دھماکا ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ موبائل میں 4 پولیس اہلکار سوار تھے، تاہم دھماکے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ پولیس موبائل کو مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

واقعے کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی جس نے علاقے کو سیل کر کے سرچ آپریشن کیا۔

اس موقع پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کیا گیا، سرچ آپریشن کے دوران پولیس کو سڑک کنارے سے ایک ہینڈ گرنیڈ بھی ملا ہے۔

دوسری طرف کالعدم تنظیم بلوچ ریپبلیکن گارڈز نے پولیس وین پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔ بی آر جی کے ترجمان دوستین بلوچ نے نامعلوم مقام سے سیٹلائٹ فون کے ذریعے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کے گزشتہ شب ہمارے سرمچاروں نے سندھ کے شہر سکھر میں پوليس وین کو ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعہ اڑا دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں