افغانستان: غزنی میں طالبان کا خودکش کار بم دھماکا، 15 افراد شہید، بچوں سمیت 180 زخمی

کابل + غزنی (ڈیلی اردو/ نیوز ایجنسی ) افغانستان کے وسطی صوبے غزنی میں طالبان دہشت گردوں کا خودکش حملہ، افسوس ناک واقعے میں 6 پولیس اہلکاروں سمیت 15 شہری شہید ہوگئے۔ جبکہ 50 سکول کے بچوں سمیت 180 سے زائد شہری زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان کے وسطی صوبے غزنی شہر میں خودکش کار بم دھماکا ہوا۔ جس کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکاروں سمیت 15 شہری شہید ہوئے جب کہ سکول بچوں سمیت 180 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

افغان خبر رساں ادارے خامہ پریس کا کہنا تھا کہ غزنی پولیس سربراہ کے ترجمان کے مطابق دہشت گردوں نے اتوار کی صبح این ڈی ایس کے دفتر قریب ہجوم والی جگہ پر خود کو دھماکے سے اڑایا جس نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے۔

ترجمان غزنی گورنر کے مطابق زخمیوں میں عام شہری کے علاوہ 50 سے زائد سکول کے بچے شامل ہیں، جنہیں ملٹری ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ زخمیوں میں سے 4 بچوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق افغانستان کے صوبہ غزنی میں این ڈی ایس دفتر کے قریب کار میں بم دھماکا ہوا۔ جس کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

خبرایجنسی کے مطابق حملے میں افغان انٹیلی جنس ادارے کو نشانہ بنایا گیا۔ دوسری جانب حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں، لاشوں اور زخمیوں کو فوری اسپتال منتقل کردیا گیا۔

افغان میڈیا کے مطابق خودکش حملے میں سب سے زیادہ سکول کے بچے زخمی ہوگئے ہیں۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ نے غزنی میں ہونے والے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

گزشتہ روز غزنی کے شیعہ مسجد محمدیہ جامع میں ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری عالمی دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کر لی ہے۔ دھماکے میں تین نمازی شہید اور 21 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ یکم جولائی کو افغانستان کے دارالحکومت کابل میں شدید نوعیت کا دھماکا ہوا تھا۔ جس کے نتیجے میں 68 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں