قطر: افغان وفود، سیاسی جماعتوں اور طالبان میں دو روزہ مذاکرات ختم

دوحہ (نیوز ڈیسک) افغان سیاسی جماعتوں، گروہوں اور طالبان کے درمیان قطر میں جاری دو روزہ مذاکرات ختم ہوگئے ہیں۔ طالبان ترجمان سہیل شاہین کا کہناہے کہ بات چیت میں اہم پیش رفت ہوئی لیکن افغانستان میں جنگ بندی سے متعلق حتمی فیصلے کا اعلان امریکا سے براہ راست مذاکرات کے بعد کیا جائے گا۔

غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق افغانستان کے سیاسی جماعتوں، گروہوں اور طالبان عسکریت پسندوں کے درمیان دو روزہ مذاکرات قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوئے۔ بات چیت کے اختتام پر طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے ایک بیان میں کہا افغان سیاسی جماعتوں اور گروہوں کی خواہش ہے کہ ملک میں جلدی جنگ بندی کا اعلان کیا جائے لیکن افغان سرزمین سے غیر ملکی افواج کے انخلا تک ملک میں امن کی ضمانت نہیں دے سکتے۔

سہیل شاہین کا کہنا تھا امریکا سے براہ راست مذاکرات کے ساتویں دور کا دوسرا سیشن منگل نو جولائی کو دوبارہ شروع ہو رہاہے۔ امریکا سے غیر ملکی افواج کی انخلا کی تاریخ لینے کے بعد جنگ بندی کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔ امریکا کا مطالبہ ہے کہ طالبان جنگ بندی کا اعلان کریں۔ دیگر تین مطالبات پر بات چیت جاری رہے گی اور اعلان بعد میں بھی کیا جا سکتا ہے لیکن طالبان کا مطالبہ ہے کہ پہلے غیر ملکی افواج کی انخلا کی تاریخ کا اعلان کیا جائے۔ امید ہے کہ منگل کے روز بات چیت کے ساتویں دور کے دوسرے سیشن میں جنگ بندی اور فوجی انخلا کے تنازعات کو حل کر لیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں