2017ء میں 50 ہزار عورتیں قتل ہوئیں: اقوام متحدہ

نیویارک (ڈیلی اردو) اقوام متحدہ کے ادارے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ دو ہزار سترہ میں دنیا بھر میں پچاس ہزار سے زائد خواتین کو قتل کیا گیا۔ اکثر خواتین اپنے اہل خانہ کے ہاتھوں قتل ہوئیں۔

تفصیلات کے مطابق منشیات و جرائم کے انسداد کیلئے سرگرم اقوام متحدہ کے دفتر نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پچاس ہزار عورتيں اہل خانہ کے ہاتھوں قتل ہوئیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ دو ہزار سترہ کے دوران دنيا بھر ميں تقريباً پچاس ہزار عورتوں کو ان کے شوہروں، پارٹنرز یا دیگر اہل خانہ نے قتل کیا۔

رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں دو ہزار سترہ ميں پر تشدد کارروائیوں يا جرائم کے نتیجے میں ہلاک ہونیوالی عورتوں کی تعداد ستاسی ہزار رہی۔ گھریلو تشدد کے سب سے زيادہ جان لیوا واقعات براعظم ایشیا میں ديکھے گئے۔ ایشیائی ممالک میں دو ہزار سترہ کے دوران بيس ہزار عورتوں کو ان کے اہل خانہ نے موت کے گھاٹ اتار ديا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ افریقہ میں ايسے کيسز کی تعداد 19000، بر اعظم امريکا ميں 8000 اور يورپ میں 3000 ہزار رہی۔ اگر براعظم کی مجموعی آبادی سے ایسے قتل کے تناسب کا موازنہ کيا جائے تو براعظم افریقہ عورتوں کیلئے سب سے خطرناک خطہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں