کراچی میں کار پر فائرنگ، بول نیوز کے اینکر پرسن مرید عباس شہید ہو گئے؛ بول انتظامیہ

کراچی (ڈیلی اردو) کراچی میں ڈیفنس خیابان بخاری میں فائرنگ سے بول ٹی وی کے اینکر مرید عباس شہید ہو گئے۔

بول نیوز کے انتظامیہ کے مطابق کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں فائرنگ سے اینکر مرید عباس شہید ہو گئے۔ انتظامیہ کے مطابق مرید عباس کو ڈیفنس خیابان بخاری میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو گئے۔ اسپتال منتقلی کے دوران مرید عباس زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔  مرید عباس اب تک نیوز کی اینکر زارا عباس کے شوہر تھے۔

ڈائریکٹر جناح اسپتال ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق ڈیفنس سے آنے والا زخمی اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکا تھا۔

مقامی پولیس کا موقف

پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح ملزمان نے گاڑی سے ہوٹل میں بیٹھے افراد پر فائرنگ کی۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے 4 خول ملے ہیں۔

عاطف زمان کا مرید عباس سے کاروباری جھگڑا تھا، ایس ایس پی شیراز نذیر

سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شیراز نذیر نے بتایا کہ واقعے کی ذاتی دشمنی کے پہلو سے بھی تفتیش کی جارہی ہے کیوں کہ جاں بحق ہونے والے صحافی نے کچھ روز قبل کچھ لوگوں کیخلاف درخواست تھانے میں جمع کرائی تھی۔

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق عاطف زمان نامی شخص نے مرید عباس اور خضر کو دفتر میں بلایا، عاطف زمان نے مرید عباس پر فائرنگ کی تو خضر نے موقعے سے بھاگنے کی کوش کی۔ ایس ایس پی شیراز نذیر نے بتایا کہ عاطف زمان نے خضر کو بھی گولی مار کر قتل کیا۔

انہوں نے بتایا کہ عاطف زمان نے واقعے کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی، عاطف زمان نے اپنے فلیٹ میں خود کو گولی ماری۔ ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا کہ عاطف زمان کا مرید عباس سے کاروباری جھگڑا تھا۔

مرید عباس کی اہلیہ زارا عباس کا ویڈیو بیان

جاں بحق اینکر مرید عباس کی اہلیہ اور ابتک نیوز کی اینکر پرسن زارا عباس کا ویڈیو بیان بھی سامنے آگیا ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ مرید عباس کو عاطف زمان نے سوا 8 بجے بلایا۔

زارا عباس نے کہا کہ عاطف زمان ٹائر کا بزنس کرتا ہے اور مرید عباس نے کاروبار میں 50 لاکھ روپے لگائے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان کے مہینے سے عاطف زمان پیسے دینے کے وعدے کررہا تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر اظہار افسوس

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے اپنے بیان میں کہا کہ غمزدہ خاندان اور ٹی وی انتظامیہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دعا ہے اللہ تعالیٰ مرحوم مرید عباس کی مغفرت کرے۔

فائرنگ کا ایک اور واقعہ پہلواں گوٹھ میں پیش آیا، جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے دو افراد علی ولد ایاز علی اور زیز الوہاب ولد سید نجف زندگی کی بازی ہار گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں