وزیراعظم کا دورہ امریکا: ترجمان دفتر خارجہ کا سوال کا جواب دینے سے گریز

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران وزیر اعظم کے دورہ امریکا کے بارے میں سوال کا جواب دینے سے انکار کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ پریس ریلیز کے علاوہ میرے پاس کوئی جواب نہیں ہے، وزیر اعظم اپنے دورہ امریکہ میں نئے پاکستان سے متعلق اپنے تصورات سے دنیا کو آگاہ کریں گے، اس کے علاوہ ہم روس کے ساتھ مسلسل رابطوں میں ہیں۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ میں کشمیر پر اقوام متحدہ کی دوسری رپورٹ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر دنیا کا انتہائی کشیدہ فوجی علاقہ بن چکا ہے اور کسی صورت مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر گلگت بلتستان کا موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔

ترجمان نے بتایا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کمیشن آف انکوائری کے قیام کی سفارش کرتے ہوئے بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر فیصل کے مطابق کرتارپور راہداری منصوبے پر پاکستان نے 80 فیصد کام مکمل کرلیا ہے،جبکہ اس منصوبے پر پاک بھارت وفود کی ملاقات آئندہ اتوار کو واہگہ پر متوقع ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے دوحا مذاکرات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن اور سیاسی حل کے لئے عالمی کوششوں کا حصہ بنا رہے گا کیونکہ پاکستانی افغان مسئلہ کا افغان امنگوں کے مطابق حل چاہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں