پاکستان نے بین الاقوامی پروازوں کیلئے فضائی حدود دوبارہ کھول دیں

اسلام آباد (ڈیلی اردو/ نیوز ایجنسی) پاکستان نے چار ماہ بعد بھارت کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مشرقی فضائی حدود تمام کمرشل پروازوں کیلئے کھولتے ہوئے بھارت کیلئے اوور فلائی کی بندش ختم کرنے کا نوٹم جاری کر دیا۔

 اوور فلائی کی بندش ختم ہونے کے بعد بھارتی مسافر طیارے اب پاکستان کی فضائی حدود سے گزر سکیں گے۔ دیگر ممالک کی ائیر لائنز بھی پاکستانی فضائی حدود استعمال کر سکیں گی۔ لاہور سے دہلی، بنکاک، کوالالمپور، سری لنکا اور ارمچی کی پروازیں بھی بحال ہو جائیں گی۔

پاکستان نے رواں سال 27 فروری کو بھارتی جنگی جہاز مار گرانے کے بعد بھارت کے ممکنہ حملے کے خطرے کے پیش نظر مشرقی فضائی حدود کمرشل پروازوں کیلئے بند کر دی تھیں۔

سیکرٹری ایوی ایشن شاہ رخ نصرت کے مطابق بھارت نے اوورفلائی پابندی اٹھانے کیلئے رابطہ کیا تھا، تاہم پاکستان نے جواب دیا کہ فضائی حدود تبھی کھولی جائیں گی جب بھارت سرحد کے قریب ایئربیسز سے جنگی جہاز ہٹائے گا۔

واضح رہے کہ فروری میں پاکستان اور بھارت میں حالیہ کشیدگی پلوامہ حملے کے بعد شروع ہوئی تھی۔ رواں سال فروری میں بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی سکیورٹی فورسز پر خودکش حملے کے بعد بھارتی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے مبینہ طور پر پاکستان کے شہر بالا کوٹ کے قریب بم گرائے۔ ترجمان آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک انڈین طیارہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں گرا ہے جس کے پائلٹ کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دوسرے طیارے کا ملبہ انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں گرا ہے۔

پاکستانی فضائیہ کے طیاروں نے ردِعمل میں آزاد کشمیر میں فضائی کارروائی کی تھی اور دو بھارتی لڑاکا طیارے گرائے ان واقعات کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کے نتیجے میں پاکستان نے اپنی فضائی حدود کمرشل پروازوں کے لیے بند کر دی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں