ترکی میں تارکین وطن کی بس کو حادثہ، پاکستانیوں سمیت 18 افراد جاں بحق، 52 زخمی

استنبول (ڈیلی اردو/ نیوز ایجنسی) ترکی میں تارکین وطن کی بس گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 18 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والے افراد میں پاکستانی، افغانی اور بنگلہ دیشی شامل ہیں۔

ترکی کی سرکاری خبر رساں ادارے  اناطولو کے مطابق ترکی کے جنوبی شہر میں تارکین وطن کی بس حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 18 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 52 زخمی ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق افسوسناک واقعہ ترکی کے جنوبی شہر وان میں پیش آیا جب ڈرائیور سے بے قابو ہوکر منی بس گہری کھائی میں جاگری۔

وان شہر کے گورنر کا کہنا ہے کہ بس میں تارکین وطن سوار تھے جن کا تعلق پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان سے ہے، جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈرائیور پہلے بھی تارکین وطن کو اسمگل کرنے کے مقدمے کا سامنا کرنا چکا تھا، مذکورہ حادثے میں اس کی بھی ہلاکت ہوگئی۔

ریسکیو ٹیموں کی جانب سے جائے حادثہ پر امدادی کارروائیوں کا آغاز کرتے ہوئے ہلاک و زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ ترکش میڈیا کا کہنا ہے تارکین وطن غیرقانونی طریقے سے ملک میں داخل ہورہے تھے۔

واضح رہے کہ بہتر مستقبل کے لیے مشکل راستوں سے غیرقانونی طور پر یورپ جانے والے ہر سال سیکڑوں افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال مارچ میں ترکی کے صوبے ارگد میں غیرقانونی تارکین وطن کی بس بجلی کے کھمبے سے ٹکراگئی تھی جس کے نتیجے میں 17 افراد جاں بحق اور 36 زخمی ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں