صادق آباد: منٹھار میں ظالم زمیندار نے جانور فصل میں آنے پر 8 سالہ بچے کو پھانسی دیکر قتل کردیا

صادق آباد (ڈیلی اردو) صوبہ پنجاب کی تحصیل صادق آباد میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ظالم زمیندار نے جانور فصل میں آنے پر آٹھ سالہ بچے کو پھانسی دیکر قتل کردیا ہے۔ وزیرا علیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او رحیم یار خان سے رپورٹ طلب کر کے تحقیقات کا حکم دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق واقعہ گذشتہ روز صادق آباد میں تھانہ منٹھار کی حدود میں پیش آیا، جہاں آٹھ سالہ چرواہے شانو کی لاش درخت سے لٹکتی پائی گئی، جس پر مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس نے جائے حادثے پر پہنچ کر لاش کو ہسپتال منتقل کیا اور واقعے کی تفتیش کا آغاز کیا۔

پولیس کے مطابق آج صبح کم عمر چرواہے کی بہن نے پولیس کو بیان میں بتایا کہ ریوڑ کے جانور کھیت میں چلے گئے تھے، جس پر زمیندار طیش میں آیا اور اس نے بھائی کو تشدد کا نشانے بنانے کے بعد درخت پر لٹکا کر پھانسی دےدی۔

بچی کے بیان کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقامی زمیندار کو گرفتار کرلیا ہے۔

وزیرا علیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صادق آباد کے علاقے میں 8 سالہ بچے کو مبینہ طور پر پھانسی دینے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او رحیم یار خان سے رپورٹ طلب کرکے تحقیقات کا حکم دیدیا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ ملزم کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے۔ مقتول بچے کے لواحقین کو ہر صورت انصاف مہیا کیا جائے گا۔انہوں نے مقتول بچے کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت بھی کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں