لورالائی میں ڈی آئی جی آفس پر خودکش حملہ اور فائرنگ، 12 پولیس اہلکار شہید

لورالائی (ڈیلی اردو) لورالائی میں ڈی آئی جی آفس پر خودکش حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں 12 پولیس اہلکار شہید اور 21 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ 

لورالائی میں پولیس میں بھرتی کے لیے ٹیسٹ کے دوران ڈی آئی جی آفس پر خودکش حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں 12 پولیس اہلکار شہید اور 21 سے زائد افراد زخمی ہوگئے، شہید پولیس اہلکاروں کی شناخت صادق علی، غلام محمد، جاوید احمد، مطیع اللہ اور نعمت اللہ کے نام سے ہوئی ہے،

واقعہ کے بعد امدادی اہلکاروں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جب کہ پولیس اور ایف سی کی اضافی نفری کو طلب کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی آئی جی پولیس کے دفتر میں کلاس فور ملازمین کی بھرتی کے لیے ٹیسٹ کے دوران نامعلوم افراد نے حملہ کیا،  سکیورٹی فورسز ذرائع کے مطابق حملے کے بعد سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 2 حملہ آور بھی مارے گئے۔

صوبائی وزیر داخلہ میرضیاء لانگو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی آئی جی پولیس کے دفتر پر 3 سے 4 دہشت گردوں نے حملہ کیا اور ایک خود کش حملہ آور نے دفتر کے گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑالیا جب کہ 2 دہشت گرد فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے، مقابلہ اب ختم ہوگیا ہے اور ڈی آئی جی پولیس کے دفتر کو کلیئر کرالیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں