آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی امریکہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات

واشنگٹن (ڈیلی اردو) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی محکمہ خارجہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی محکمہ خارجہ کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے بھی ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی اور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ مضبوط باہمی تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، یہ تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ اقدار پر مبنی ہونےچاہیئں۔

اس سے قبل پینٹاگون پہنچنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی،اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ نے جنرل قمر جاوید باجوہ کا استقبال کیا،آرمی چیف نے امریکی قائم مقام وزیر دفاع سمیت چیف آف جوائنٹ چیفس آف اسٹاف سے ملاقات کی، اس موقع پر افغان امن عمل سمیت خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

انہوں نے امریکی چیف آف اسٹاف جنرل مارک اے ملی سے بھی ملاقات کی اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں