وزیراعظم عمران خان امریکا کے 3 روزہ دورے کے بعد واپس وطن پہنچ گئے

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیراعظم عمران خان امریکا کے کامیاب دورے کے بعد اسلام آباد پہنچ گئے، ان کا طیارہ اسلام آباد میں لینڈ کرگیا۔

ایئرپورٹ پر استقبال کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، جہانگیر ترین، فردوس عاشق اعوان سمیت دیگر رہنما موجود ہیں۔

وزیر اعظم کے شاندار استقبال کے لیے پی ٹی آئی کارکنوں اور رہنماؤں کا ڈھول کی تھاپ پر رقص جاری ہے۔

قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نے امریکا سے واپسی پر قطر میں مختصر قیام کیا۔ وزیر اعظم کے اعزاز میں قطری ہم منصب شیخ عبداللہ بن نصر آل ثانی نے عشائیہ بھی دیا۔

دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ پاکستان اور قطر کا زراعت، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق جبکہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ہوا بازی میں بھی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ امیر قطر کا حالیہ دورہ پاکستان بہت اہم تھا ، پاکستان کی اقتصادی معاونت پر قطر کے شکر گزار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں