نائجیریا میں بوکو حرام کے خلاف کارروائی، 78 دہشت گرد ہلاک، 50 یرغمالی بازیاب

ابوجا (ڈیلی اردو) نائجیریا کی فوج نے شورش زدہ ملک کے شمال مغربی خطے میں بڑے پیمانے پر مہم چلا کر دہشت گرد تنظیم بوکو حرام کے 78 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ جبکہ 50 سے زائد افراد کو بازیاب کرالیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق نائجیریا کی فوج نے شورش زدہ ملک کے شمال مغربی خطے میں بڑے پیمانے پر بوکو حرام کے خلاف زمینی اور فضائی آپریشن شروع کر دیا ہے۔ فوجی آپریشن میں جنگی جہاز اور ہیلی کاپٹرز شامل ہیں۔ فوجی کارروائی کے دروان بوکو حرام کے 78 جنگجوؤں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

فوج کے ترجمان اونیما نواچکوو نے بتایا کہ فضائیہ اور بری فوج نے مئی سے جولائی تک ملک کے شمال مغربی صوبہ جامفرا اور پڑوسی ریاستوں کے مختلف حصے میں فوجی مہم چلائی جس کی وجہ سے 78 مسلح دہشت گرد مارے گئے اور کثیر تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فوج نے اس دوران 50 سے زائد اغوا کئے گئے افراد کو اغوا کاروں سے آزاد کرایا اور مسلح گروہ بوکو حرام کے 25 جنگجوؤں کو گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فوج نے سات موٹر سائیکل اور 695 مویشی بھی برآمد کئے ہیں۔

واضح رہے کہ چاڈ کے فوجی امریکی تربیت یافتہ مغربی افریقی ٹاسک فورس کا حصہ ہیں جو بوکو حرام کے خلاف لڑنے کے لئے بنائی گئی۔

پچھلے دس برس کے دوران بوکو حرام کی پرتشدد کارروائیوں میں 30 ہزار سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں جب کہ 20 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں