دوحہ (مانیٹرنگ ڈیسک/ڈیلی اردو) افغان طالبان کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان کی طرف سے اُنہیں دورے کی دعوت دی گئی تو وہ پاکستان جائیں گے اور وزیراعظم عمران خان سے ملیں گے۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے ٹیلی فون پر برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر اُنہیں پاکستان کی طرف سے رسمی طور پر دعوت دی جائے تو وہ پاکستان جائیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’وہ تو خطے اور ہمسایہ ممالک کے دورے وقتاً فوقتاً کرتے ہیں اگر پاکستان کی طرف سے رسمی دعوت ملتی ہے، تو وہ جائیں گے کیونکہ پاکستان بھی ہمسایہ اور مسلمان ملک ہے۔
سہیل شاہین کا کہنا تھا وہ لوگ جن کے پاس طالبان کے خلاف جھگڑے کے لیے کوئی اور دلیل نہیں وہی ان پر اس قسم کے الزامات لگائیں گے، ماضی میں بھی لگا چکے ہیں اور مستقبل میں بھی لگاتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے افغانستان کے مسئلے کو دو مرحلوں میں تقسیم کیا ہے، ایک بیرونی اور دوسرا اندرونی۔ پہلے مرحلے میں جاری مذاکرات اب اختتامی مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔ اگر یہ مذاکرات کامیاب ہوجاتے ہیں، تو پھر ہم دوسرے مرحلے میں تمام افغان فریقین سے بات چیت کریں گے، جس میں افغان حکومت بھی ایک فریق کی حیثیت سے شامل ہوسکتی ہے۔‘
واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے امریکا کے حالیہ دورے میں کہا تھا کہ جب وہ پاکستان واپس جائیں گے تو طالبان سے ملیں گے تاکہ وہ افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہوجائیں۔